ایٹکن،5جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد محض ایک ٹی 20مقابلے کے لئے ویسٹ انڈیز نے اپنی 13رکنی ٹیم میں دھماکہ خیز بلے باز کرس گیل کو منتخب کر لیا ہے۔37سالہ اس دھماکہ خیز بلے باز کی پورے ایک سال بعد ٹیم میں واپسی ہو رہی ہے۔اس کے ساتھ ہی گیل اب ہندوستان کے خلاف ہونے والے مقابلے میں اپنا جلوہ بکھیرتے نظر آئیں گے ۔واحدٹی 20میچ گیل کے گھریلومیدان جمیکا کے سبینا پارک میں کھیلا جائے گا۔گیل کو لینڈل شمون کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔
کرس گیل آخری بار 2016میں ورلڈ ٹی 20خطاب جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔2016میں ویسٹ انڈیز نے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ ٹی 20خطاب جیتا تھا۔کرکٹ کے اس سب سے چھوٹے فارمیٹ میں کرس گیل ویسٹ انڈیز کے لئے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں، ٹی 20کرکٹ میں انہوں نے 2سنچریوں کے ساتھ کل 1519رنز بنائے ہیں۔حال ہی میں آئی پی ایل کے دوران وہ ٹی 20کرکٹ میں 10000رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔
کرس گیل کی واپسی سے یہ صاف ہو گیا ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف اننگز کی شروعات کریں گے۔اس دوران گیل اپنے بائیں ہاتھ کے ساتھی اون لیوس کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے،جبکہ سپن محکمہ کی ذمہ داری ایک بار پھرا سٹار اسپنر سنیل نارائنکے کندھوں پر ہوگی۔وہیں آئی پی ایل میں ہیٹ-ٹرک لے کر اپنی چھاپ چھوڑنے والے سیموئیل بدری کو بھی اسپن اٹیک کو مضبوطی دینے کے لئے ٹیم کے ساتھ رکھا گیا ہے،جبکہ مڈل اوورز میں تجربہ کار اور دھماکہ خیز بلے باز کیرون پولارڈ بھی ٹیم انڈیا کی مشکلیں بڑھاتے نظر آئیں گے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم:کارلوس بریتھویٹ (کپتان)، سیموئیل بدری، رنسفورڈ بیٹن، کرس گیل، اون لیوس، جیسن محمد، سنیل نارائن، کیرون پولارڈ، روومین پوویل، مارلون سیمیلس، جیروم ٹیلر، چیڈوک ولٹن، کیسرک ولیمز۔